سوات(نامہ نگار)سوات میں ڈی ایچ کیو اسپتال کے ممکنہ خاتمے اور آلات کو ٹیچنگ اسپتال منتقلی کے خلاف ڈاکٹروں اور عملے نے مزاحمت کا اعلان کردیا،جمعہ کے روز اہم اجلاس طلب کرلیا گیا،عدالت جانے پر بھی غور کیا جائے گا،صوبائی حکومت کی جانب سے ریاست سوات دور کے ڈسٹرکٹ اسپتال کو مبینہ طور پر ختم کرکے ٹیچنگ اسپتال میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ڈی ایچ کیو اسپتال کے تمام آلات اور دیگر سامان کو عید کے بعد ٹیچنگ اسپتال کی نوتعمیرشدہ عمارت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر ڈسٹرکٹ لیول کے ڈاکٹروں نے شدید تحفظات کاا ظہار کرتے ہوئے کوارڈی نیشن کونسل کا اجلاس جمعے کے روز طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ لائحہ عمل سمیت عدالت سے رجوع کرنے کا حتمی اعلان کیاجائے گا،اجلاس میں ایکشن کمیٹی کا اعلان بھی کیا جائے گا اور سیاسی جماعتوں، وکلاء اورسول سوسائٹی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔