مینگورہ(مارننگ پوسٹ)مینگورہ کے سرگرم سماجی کارکن بہرام خان عثمان خیل نے کہاہے کہ ان کی یونین کونسل شاہدرہ نویکلے کو بلدیاتی نمائندوں نے یکسر نظر اندازکردیا ہے جس کے سبب یہاں پر قدم قدم پر گندگی کے ڈھیر پڑے نظر آرہے ہیں،پانی کی قلت اور سٹریٹ لائٹس کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات اور پریشانی کاسامنا ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مذکورہ یونین کونسل کا علاقہ گلبہارکالونی بے یارومددگار پڑا ہے اوردوسری جانب یہاں سے منتخب ہونے والے ضلعی کونسلرشوکت علی اورتحصیل کونسلر شاہدخان سمیت دیگر بلدیاتی نمائندے اس طرف توجہ دینے کی زحمت تک گوارہ نہیں کررہے ہیں جس کے باعث اس علاقے میں پانی کی قلت،صفائی اورسٹریٹ لائٹس کا نظام درہم برہم ہے،اسی طرح یہاں کی کئی گلیوں میں سوئی گیس لائن بھی موجود نہیں یہ کالونی شاہدرہ اور نویکلے کے وسط میں موجود ایک گنجان آباد علاقہ ہے مگر بلدیاتی نمائندے باربار اپیلوں اور مطالبات کے باوجودبھی اس طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں بلکہ یہ نمائندے موبائل بھی اٹینڈ نہیں کررہے ہیں بلکہ وہ سب گونگے بہرے بنے ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ ویلج کونسلوں کے بعض کونسلرزنااہل اوربلیک لسٹ بھی ہیں جس کے ہمارے پاس ٹھوس ثبوت بھی موجودہیں ایسے لوگوں سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی تاہم جو نمائندے خدمت کے دعوے کررہے ہیں ان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ گلبہار کالونی کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر اہل علاقے کو جمع کرکے سخت احتجاج کرنے پر مجبورہوجائیں گے۔