سوات(مارننگ پوسٹ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے شانگلہ اور ملحقہ ضلع تور غر میں پولیو کیسزسامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 15 سے 18 جولائی کو شانگلہ، سوات اور بونیر کی منتخب یونین کونسلز میں انسداد پولیو کے کیس ریسپانس کمپین کو ہر صورت میں کامیاب بنانے اور اس مقصد کیلئے تمام ڈپٹی کمشنروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں انہوں نے ڈپٹی کمشنروں پر واضح کیا کہ وہ اس مہم کی بذات خود گرانی کریں اور پولیو مہم میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں وہ اپنے دفتر سیدو شریف میں انسداد پولیوکے ڈویژنل ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کررہے تھے اس موقع پر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں، اے ڈی سیز، محکمہ صحت کے حکام، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور ڈی ایچ اوز بھی موجود تھے اس موقع پر کمشنر کو بتایا گیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع سے پولیو وائرس کا وجود ختم کردیا گیا تھا تاہم ہزارہ ڈویژن کے ضلع تور غر میں پولیو کے چار کیس رپورٹ ہونے پر شانگلہ پورن کی یوسی نصرت خیل میں بھی پولیو کا ایک کیس سامنے آیا تو پتہ چلا کہ یہ بھی تور غر سے آمدہ خاندان کی وجہ سے پھیلاہے ریاض خان محسود نے کہا کہ وجہ کوئی بھی ہو مگر ملک کے ہر کونے سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے جہادی بنیادوں پر کوششیں کی جائیں تاکہ ملک کو اس بیماری سے پاک کیا جاسکے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 15 سے 18 جولائی کو سوات، شانگلہ اور بونیر کی منتخب کردہ یونین کونسلز میں کیس ریسپانس کمپین کو ہر صورت میں کامیاب بنایا جائے اور واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اس کیس ریسپانس کمپین کی بذات خود نگرانی کریں اور اس مہم میں اپنا کلیدی کردار ادا کرکے پولیو مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنائیں۔
سوات،15 سے 18 جولائی انسداد پولیو کے کیس ریسپانس کمپین کو ہر صورت میں کامیاب بنایا جائے،ریاض خان محسود
