سوات(مارننگ پوسٹ) سوات کے علاقے بحرین میں پراسرار بیماری کی وجہ سے 4 بچے ہلاک جبکہ 12 بچے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
بچوں کے رشتہ داروں اور اہل خانہ کے مطابق شناخت نہ کی جانے والی بیماری ایک ہفتے قبل منکیال کے غون پتے گاؤں میں سامنے آئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ 16 بچوں کو مدیان میں تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے لیکن طبی سہولیات میں فقدان کی وجہ سے وہاں 4 بچے ہلاک ہوگئے۔
عبد اللہ جان کا کہنا تھا کہ میڈیکل سہولیات کے فقدان کی وجہ سے ان کے بھتیجے سرباز خان کا ہسپتال میں انتقال ہوا جبکہ اس ہی گاؤں کے 3 سالہ سلمان، 10 ماہ کے نعمان اور 1 سالہ یسریٰ بھی انتقال کرگئی۔
بیمار بچوں کے والدین نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بچوں کو خسرہ ہوا تھا تاہم ڈاکٹرز اس کی تشخیص کرنے میں ناکام رہے۔
تحصیل بحرین کے ناظم حبیب اللہ ثاقب جنہوں نے بقیہ 12 بچوں کو سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرنے میں مدد فراہم کی تھی کا کہنا تھا کہ بیمار بچوں کو بخار ہے لیکن میدیان ہسپتال میں ڈاکٹروں کو یہ سمجھ نہیں آرہا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر طبی سہولیات کے انتظامات کرے تاکہ اس مسئلے سے نمٹا جا سکے۔دریں اثناء ضلعی صحت کے عہدیدار ڈاکٹر غلام سبحانی کا کہنا تھا کہ علاقے میں بیماری کی تحقیقات کے لیے ٹیم روانہ کردی گئی ہیں اور ہمیں بیمار بچوں کے خون کے نمونے بھی ملے ہیں جسے ہم نے لیبارٹری بھیج دیا ہے تاکہ بیماری کی تشخیص ہوسکے۔