سوات(مارننگ پوسٹ) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے گورنمنٹ جہانزیب کالج سیدو شریف میں جاری تعمیراتی کام کا اچانک معائنہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے اس موقع پر انہوں نے موقع پر موجود ایکسیئن محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ہدایت جاری کی کہ تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل کے استعمال سے سختی سے گریزکیا جائے اور کسی بھی صورت منصوبہ میں تاخیر نہ کی جائے ورنہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ جہانزیب کالج صرف سوات نہیں بلکہ پورے خطے میں جدید تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے یہاں نہ صرف سوات بلکہ آس پاس اور صوبے کے دور دراز کے علاقوں سے بھی طلبہ حصولِ تعلیم کیلئے آتے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی ہے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے معیار پر کسی کیساتھ کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ جہانزیب کالج کی تعمیر نو کا کام قلیل ترین مدت میں مکمل ہوگااور اسے اپنے پرانے تاریخی نقشہ کے مطابق مکمل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 5میں تعلیم کی مد میں کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جس میں مینگورہ ڈگری کالج،بی ایس بلاک جہانزیب کالج،ودودیہ سکول،شاہدرہ سکول اور دیگر ہائی سیکنڈری سکولوں کے علاؤہ کئی دیگر ہائی اور پرائمری سکول بھی مکمل کئے گئے ہیں اسی طرح سوات یونیورسٹی میں طلباء کوٹرانسپورٹ مہیا کرنا اور یونیورسٹی کے نئے خوبصورت و کشادہ کیمپس کا قیام بھی ہمارے اہداف میں شامل ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ذاتی دلچسپی پر زرعی تحقیقی ادارہ تختہ بند میں ایگریکلچر یونیورسٹی بھی بنائی جارہی ہے ان اہم منصوبوں کے مکمل ہونے سے یہاں کے بچوں کا مستقبل روشن ہوگا۔
چیئرمین ڈیڈیک کا جہانزیب کالج کے تعمیراتی کام کا معائنہ
