سوات(مارننگ پوسٹ)ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کے سرکاری کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے کے لئے احکامات جاری کئے ہیں۔ ان احکامات کی روشنی میں یونیورسٹی آف سوات میں گذشتہ روز اس حوالے سے پہلے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر، ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز یونیورسٹی آف سوات نے کی جبکہ کالجز کی نمائندگی کیلئے ڈائریکٹر کالجز خبیر پختونخواہ خود میٹنگ میں شریک ہوئے۔ میٹنگ کے دیگر شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر جعفر خان، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہد علی، کنٹرولر امتحان محمد ریاض، ڈپٹی کنٹرولر امتیاز علی، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی حمداللہ یونس اور اصلاح الدین رجسٹرار یونیورسٹی آف سوات نے شرکت کی۔ اس پہلے میٹنگ میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کو لانچ کرنے کیلئے طریقہ کاروضع کرنے پر تفصیلی بحث کی گئی اور ساتھ ساتھ اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کے اُن شعبہ جات کی نشاندہی کی جائے جن کی ڈیمانڈ طلباء اور مارکیٹ میں زیادہ ہے تاکہ اُن شعبوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری لانچ کرنے کو ترجیح دی جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے میٹنگ کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ فال 2019 سے کالجز میں ایکسٹرنل ایوالویشن یونیورسٹی خود کرے گی۔اس سلسلے میں بھی تفصیلی بحث کی گئی اور نظام کو بتدریج رائج کرنے کے فوائد و نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ دونوں فیصلوں کو کالجوں میں بتدریج متعارف کرایا جائے گا اس وجہ سے میٹنگز کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے منعقد کیا جائے گا اور آئندہ کچھ دنوں میں اس سلسلے میں مزید تفصیلی میٹنگز کئے جائے گے۔