سوات  (مارننگ پوسٹ)   ضلع کونسل سوات نے سال 2019-20ء کے لئے 11 ارب روپے 7کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش کردیا۔ ضلعی محکموں کی تنخواہوں کے لئے 9 ارب 59 کروڑ66 لاکھ 50 ہزار روپے اور ترقیاتی اخراجات کے لئے 99 کروڑ 58 ہزار روپے مختص کردیے گئے ہیں۔ ضلع کونسل کا بجٹ اجلاس قائم مقام سپیکر نثار احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع ناظم سوات محمدعلی شاہ سمیت ممبران اور ضلع محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ نے سال 2019-20ء کے لئے سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ کا کل تخمینہ 11 ارب 7 کروڑ 59 لاکھ 8 ہزار روپے ہے، جس کے تحت ضلعی محکموں کے 21536 ملازمین کی تنخواہوں کے لئے 9 ارب 59 کروڑ 66 لاکھ 50 ہزار روپے اور نان سیلری کے لئے 47 کروڑ 15 لاکھ 66 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ضلعی ترقیاتی شیئر (پی ایف سی) کے لئے 99 کروڑ 58 روپے مختص کردیے گئے ہیں۔ ضلع کونسل کے گرانٹ کے لئے 1 کروڑ 74 لاکھ 34 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ضلع ناظم سوات نے کہاکہ ضلع سوات کی نان سیلری کی مد میں دستیاب وسائل کا تخمینہ 50 کروڑ 19 لاکھ 68 ہزار روپے کا بیلنس رکھا گیا ہے جب کہ اسی طرح ضلع کونسل سوات کے لئے دستیاب وسائل کا تخمینہ 26 کروڑ 49 لاکھ 1 ہزار روپے ہے۔ بجٹ اجلاس آج دوبارہ ہوگا جس میں کونسل کے ارکان بجٹ پر بحث کریں گے اور اسی روز بجٹ منظور کیے جانے کا بھی امکان ہے۔