عید الضحیٰ کے سلسلے میں محکمہ صحت نے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں شعبہ حادثات میں کام کرنیوالے طبی عملے اور ڈاکٹرز کی تعطیلات منسوخ کرتے ہوئے ہیلتھ انتظامیہ کو ہسپتالوں میں ڈیوٹی کا شیڈول مرتب کرنے اور مون سون بارشوں کی دوران پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کیلئے ادویات کا سٹاک اور ایمبولینس گاڑیاں تیار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے تمام ہسپتالوں کو جاری اعلامیہ میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران تمام سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹرز اور مددگار عملے کی ڈیوٹی کا شیڈول ہسپتال میں نمایاں مقامات پر لگانے کے علاوہ ادویات کا سٹاک بھی دستیاب بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اعلامیہ کے مطابق ہسپتالوں کے شعبہ حادثات اتفاقیہ میں چوبیس گھنٹے سٹاف موجود رہے گا اس حوالے سے ہسپتالوں میں طبی عملے کی چھٹیاں منسوخی اور سہولیات کی فراہمی کیلئے بھیجے گئے مراسلے میں انڈی پنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی ٹیم کو بھی ہسپتالوں میں تعطیلات کے دوران سٹاف اور سہولیات کی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
صوبہ بھر کےہسپتالوں میں ایمر جنسی کے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخی
