سوات(مارننگ پوسٹ) عوامی نیشنل پارٹی سوات کے جنرل سیکرٹری شاہی دوران خان نے کہا ہے کہ سوات میں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ حکومتی دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے، خپل وزیراعلیٰ کا آبائی ضلع ان دنوں بد ترین بجلی لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہے، غیر اعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ نے سواتیوں کو شدید پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ بجلی سے چلنے والا کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گیا اور کارخانے بند ہو گئے ہیں جس کے باعث ہزاروں مزدور بھی بیروزگار ہو گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلانات کے باوجود سوات میں لوڈ شیڈنگ کا ظالمانہ سلسلہ جاری ہے جس نے لوگوں کے ناک میں دم کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہونے کی بجائے مزید بڑھتا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے سوات سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مراد سعید کے دعوؤں کی نفی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کا آبائی ضلع ان دنوں بد ترین بجلی لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہے اور خپل وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے آج سوات واپڈا والوں کے نشانے پر ہے جس سے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں کارخانے بند اور کاروبار ٹھپ ہو چکے ہیں۔