خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں ہتھ ریڑھی بانوں کو متبادل مقام فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی جبکہ نہروںک ے اطراف میں ریڑھی لگانے پر کارروائی سمیت جرمانے عائد کرنے کی تنبیہ بھی کر دی گئی ہے ۔ وزیر بلدیات خیبر پختونخوا شہرام خان ترکئی نے گزشتہ روز بورڈ بازار پشاور کا دورہ کیا اس موقع پر صوبائی وزیر نے تجاوزات کیخلاف آپریشن اور ہتھ ریڑھیوں کی دوسری جگہ منتقلی کا جائزہ لیا صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ ہتھ ریڑھیوں کو متبادل اور صاف ستھری جگہ فراہم کی گئی ہے اب اگر کوئی نہر کنارے ریڑھی لگائے گا تو جرمانہ کیا جائے گا ، نہر میں گند پھینکنے والوں کیخلاف لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بھاری جرمانہ عائد کیاجائے گا ، شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں ہتھ ریڑھی بانوں کو متبادل مقام فراہم کیا جائیگا جبکہ شہروں کی صفائی کی ذمہ داری کسی ایک فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ ہر شہری کی ہے انہوں نے دکانداروں اور ٹھیلا فروشوں سے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے میں تعاون کی اپیل بھی کی ۔ انکا کہنا تھا کہ صاف پختونخوا میرا خواب پختونخوا مہم کی کامیابی کے لئے تمام طبقوں کا تعاون ناگزیر ہے مہم پیار محبت کے ساتھ چلانا چاہتے ہیں تاہم جو نہ مانا تو جرمانہ اور سزائیں بھی موجود ہیں ۔