خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے 12مقامات کو حتمی شکل دیدی ہے ان مقامات پر کوریا، چین اور دیگر بدھ مت کے پیروکار ممالک کے شوبز سٹارز کو مدعو کیا جائیگا اور انہیں ویڈیو لاگ اور انٹرویوز ریکارڈ کرائے جائیں گے مذکوہ شوبز سٹارز کو مدعو کرنے پر صوبائی حکومت کے خزانے سے ایک پائی تک خرچ نہیں کی جائیگی۔ سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان کی سربراہی میں مذہبی سیاحت کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری سیاحت و ثقافت کامران رحمن اور ڈائریکٹر آثار قدیمہ خیبر پختونخوا عبدالصمد خان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12مقامات کی فہرست کو حتمی شکل دیدی گئی جنہیں دنیا بھر میں سیاحوںکو راغب کرنے کیلئے پیش کیا جائیگا ان مقامات میں خانپور جولیاں، بمالا ، ہنڈ میوزیم، پشاور میوزیم، علی مسجد خیبر، تخت بھائی مردان، جمال گڑھی، بریکوٹ سوات، بت کدہ مینگورہ سوات، مردان میوزیم ، سیدو سٹوپا اور جمرود قلعہ شامل ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ ان مقامات کی تشہیر ان تمام ممالک میں کرنے کی ضرورت ہے جہاں بدھ مت کے پیروکار آباد ہیں تاہم صوبائی حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ انکی تشہیر ان ممالک میں کی جا سکے جس کے بعد اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر سیاحت نے یہ تجویز پیش کی کہ پاکستان میں موجود چین اور کوریا سمیت تمام بدھ مت کے پیروکار ممالک کی کمپنیوں کو باقاعدہ درخواست کی جائیگی اور انکی مدد سے انکے شوبز سٹارز کو مدعو کیا جائیگا ان سٹارز کو مذہبی سیاحتی مقامات سہولیات خیبر پختونخوا حکومت فراہم کریگی تاہم انہیں یہاں آنے کی کوئی ادائیگی نہیں کی جائیگی اجلاس میں سنیئر صوبائی وزیر کی تجویز کو منظور کرلیا گیا ۔
مذہبی سیاحت کیلئے بریکوٹ ، بت کدہ ، سیدو سٹوپا سمیت 12مقامات فائنل کر لئے گئے
