سوات اور صوابی سمیت خیبر پختونخوا کے 12اضلاع میں مقامی آبادی کو معاشی طور پر مضبوط کرنے اور انکی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے چھوٹے منصوبے شروع کرنے کیلئے یورپی یونین کے تعاون سے جاری پروگرام کیلئے 87کروڑ روپے سے زائد جاری کرنے کی درخواست کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے 12اضلاع میں جاری پروگرام صوبائی حکومت اور یورپی یونین کے تعاون سے جاری ہے جس کی کل لاگت 3ارب 40کرو ڑ10لاکھ روپے لگائی گئی ہے پروگرام میں یورپی یونین کی جانب سے 2ارب 40کروڑ10لاکھ جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایک ارب روپے کا حصہ ڈالا گیا ہے منصوبے کے تحت ان 12اضلاع میں چھوٹے منصوبے شروع کئے جاتے ہیں اور یہ منصوبے مقامی آبادی خود چلاتی ہے ان منصوبوں سے جہاں مقامی آبادی کو معاشی طور پر فائدہ ہوتا ہے وہیں وہ اپنی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی منصوبے تجویز کرتے ہیں ذرائع کے مطابق رواں برس صوبائی حکومت اپنے حصے کے 25کروڑ روپے جاری کر چکی ہے جبکہ یورپی یونین کے حصے کی ادائیگی کیلئے صوبائی حکومت نے متعلقہ حکام سے رابطہ کرلیا ہے اور انہیں 87کروڑ 41لاکھ 28ہزار روپے جلد ازجلد جاری کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ جاری چھوٹے چھوٹے منصوبوں کی تکمیل میں تعطل نہ ہو ۔ذرائع کے مطابق سوات کیلئے 22کروڑ57لاکھ، لوئر دیر کیلئے 5کروڑ47لاکھ 50ہزار، اپر دیر کیلئے 14کروڑ62لاکھ 53ہزار، لوئر چترال کیلئے 6کروڑ71لاکھ 25ہزار، شانگلہ کیلئے 14کروڑ83لاکھ 32ہزار، مالاکنڈ کیلئے 9کروڑ85لاکھ 20ہزار، بونیر کیلئے ایک کروڑ 90لاکھ 5ہزار، نوشہرہ کیلئے 3کروڑ82لاکھ 73ہزار، بٹگرام کیلئے56لاکھ 65ہزار، ہوری پور کیلئے 3کروڑ60لاکھ 85ہزار، تورغر کیلئے 50لاکھ 5ہزار اور صوابی کیلئے 2کروڑ94لاکھ 15ہزار روپے جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ منصوبہ 2014-15میں شروع کیا گیا تھا اور اس میں ابتدائی طور پر صرف مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع شامل تھے تاہم اب صوبائی حکومت نے منصوبے کو وسعت دیتے ہوئے اس میں صوابی، نوشہرہ، ہری پور، بٹگرام اور تورغر کو بھی شامل کرلیا ہے ۔