سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیاحت کے فروغ کیلئے سیدو شریف (سوات) ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام شروع کروادیاہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر سیاحت کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم اقدامات کرتے ہوئے سیدو شریف (سوات)ایئرپورٹ،پر ترقیاتی کام شروع کرادیا۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ8کروڑ روپے کی لاگت سے سوات ایئرپورٹ کو قابل استعمال بنانے کیلئے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، سوات اور پارہ چنار ایئرپورٹ 2ماہ کے اندر اندر مکمل کئے جائیں گے ۔سوات ایئرپورٹ کو سیاحت کا گیٹ وے کہا جاتا ہے،ذرائع کے مطابق سوات ایئرپورٹ کو1978میں تعمیر کیا گیا تھا، بعد ازاں امن و امان کی صورتحال کے باعث2004میں سیدو شریف ایئرپورٹ بند کردیا گیا تھا۔سیکریٹری ایوی ایشن کی ہدایت پر اعلی سطح کمیٹی نے سیدو شریف اور چترال ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔اعلی سطح کمیٹی نے ایئرپورٹ کے رن وے کی تعمیر ،ٹرمینل بلڈنگ اور کنٹرول ٹاور کا بھی سروے کیا، اعلی سطح کمیٹی میں انجینئرز، ماہرین اور ایڈمنسٹریٹیو کے ارکان شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق سوات اور پارہ چنار ایئر پورٹ پر سیاحت کے فروغ کیلئے نیوایوی ایشن پالیسی کے تحت ایئرلائنز کو مراعات بھی دی جائیں گی، اس کے علاوہ مختلف ایئرلائنز کو لینڈنگ، چارجنگ اور پارکنگ سمیت دیگر مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، سوات میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ موسم سرما میں اسکیٹنگ کیلئے36ممالک نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔غیر ملکی سیاحوں نے بھی سوات اور دیگر تفریحی مقامات پرفضائی سفری سہولیات کیلئے حکومتی سطح پر رابطے کئے تھے۔
سوات ایئرپورٹ سیاحت کا گیٹ وے پر ترقیاتی کام شروع ،اعلی سطح کمیٹی انجینئرز، ماہرین اور ایڈمنسٹریٹیو کا دورہ
