وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات یونیورسٹی میں رونما ہونے والے مختلف واقعات سے باخبر ہوں۔ انہوںنے کہاکہ جو طلباء غلط سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ، ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور واضح کیاکہ تمام تر کاروائی میرٹ اور انصاف کے مطابق کی جائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ حکومت کمز ور ہے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے تو اُن کو مشورہ دیتا ہوں کہ یہ بات ذہن سے نکال دے ۔ حکومت بالکل کمزور نہیں ہے۔موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہسپتالوں میں اصلاحات نافذ کی ہیں جو وقت کی ضرورت ہیں۔انہوں نے واضح کیاکہ سرکاری اہلکاروں کو اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔سرکاری اہلکار صوبے کے عوام کی خواہشات کے مطابق خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں گے کیونکہ حکومت عوامی خدمت کے لئے ہوتی ہے سرکاری افسران کی خواہشات پوری کرنے کے لئے نہیں ہوتی