سوات (مارننگ پوسٹ) مینگورہ کے سہراب چوک کے قریب کپڑے کی مارکیٹ میں دو فریقین دکانداروں میں تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کپڑے کی رقم کے تنازعہ پر دونوں فرقین کے درمیان تصادم ہوا جس میں ایک فریق کی فائرنگ سے دوسرے فریق کے دو افراد شمس، تحصیل خان اور ایک راہگیر رکشہ ڈرائیور گل زمان زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد چاقو، قینچی، کپڑا ناپنے والے گز اور پتھروں سے ایک دوسرے پر حملہ سے فریقِ اول کے اصغر، سلمان، یعقوب خان، اکبر خان، محمد علی اور محمد جان اور دوسرے فریق سے حضرت ولی، محمد اسلام، یار خان اور شاہ ولی زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سیدوشریف ہسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس نے دونوں فریقین کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔
مینگورہ ، سہراب خان چوک میں دو فریقین کے درمیان جھگڑا اور فائرنگ،13 افراد زخمی
