محکمہ آبپاشی خیبر پختونخوا نے حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی تنصیب سمیت 2ارب 34کروڑ روپے سے زائد کے منصوبے منظوری کیلئے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کو ارسال کر دیئے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ آبپاشی کی جانب سے ترتیب دیئے جانیوالے منصوبوں میں 2ارب روپے کی لاگت سے حفاظتی پشتوں کی تعمیر، زرعی اراضی کو آب رسانی کے منصوبے اور شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا منصوبہ شامل ہے مذکورہ رقم ضرورت کی بنیاد پر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں خرچ کی جائیگی اسی طرح سوات میں نپکی خیل آب رسانی کے 19کروڑ87لاکھ روپے کے منصوبے کو بھی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کو رسال کیا گیا ہے جبکہ 15کروڑ روپے کی لاگت سے شانگلہ کی تحصیل الپوری اور بشام میں سیلاب سے بچائو ، ٹیوب ویلوں کی تنصیب، آب رسانی کے منصوبے اور دیگر سہولیات کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، تینوں منصوبوں کی تخمینہ لاگت 2ارب 34کروڑ87لاکھ روپے لگائی گئی ہے ۔محکمہ آبپاشی کی جانب سے تینوں منصوبوں کے ابتدائی خاکے یعنی پی سی ون صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی سے منظوری کیلئے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔