اسلام آباد (آن لائن) وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گرد آزادی مارچ کی آڑ میں فضل الرحمن اور دیگر مارچ کی قیادت کو نشانہ بنا سکتے ہیں، قیام امن متاثر کرنے کیلئے ملک میں دہشت گردی کی جا سکتی ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیاہے کہ عدم استحکام کی صورتحال کے باعث ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں جے یو آئی کے مارچ سے ملک کی اندرونی سکیورٹی کو منفی اثرات لاحق ہیں کیونکہ آزادی مارچ کے اعلان سے عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور اس صورتحال سے دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات پر حملہ کر سکتی ہیں بالخصوص کالعدم تحریک طالبان پاکستان آزادی مارچ کو نشانہ بنا سکتی ہے مراسلہ میں انکشافات کئے گئے ہیں کہ دشمن ایجنسیوں نے ایک ملین ڈالر دہشت گردوں میں تقسیم کئے ہیں اور یہ رقم مولانا فضل الرحمان اور جے یوآئی کی دیگر قیادت کو نشانہ بنانے کے لئے تقسیم کی گئی ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سلیپر سیلز مقامی تعاون سے پاکستان میں تخریب کاری کر سکتے ہیں جبکہ پاکستان کی صورتحال دیکھتے ہوئے بھارت نے ایل او سی پر کشیدگی بھی بڑھا دی ہے۔ وزارت داخلہ نے مولانا فضل الرحمان اور دیگر مارچ قائدین کی سکیورٹی مزید بڑھانے کی ہدایت بھی کی ہے اور بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن بھی کیا جا سکتا ہے۔
آزادی مارچ ،مولانا فضل الرحمان اور پارٹی کی دیگر قیادت پردہشت گردحملے کاخطرہ ہے
