سوات(مارننگ پوسٹ)سردی میں اضافہ کے ساتھ ہی مینگورہ شہر اور دیگر سیاحتی علاقوں میں مچھلی کی فروخت میں اضافہ ہوگیا۔ سوات کے تجارتی مرکز مینگورہ اوردیگر عوامی جگہوں کے احاطوں میں مچھلی فروخت کرنے والوں نے ڈیرے جما لئے ۔ گذشتہ سال کے مقابلہ میں مچھلی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سروے کے دوران مچھلی فروخت کرنے والوں نے بتایا کہ نومبرکے مہینہ میں مچھلی کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔گذشتہ سال کی نسبت رواں سال مچھلی کی فروخت بڑھ گئی ہے۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ مچھلی کا گوشت انسانی صحت کیلئے بہت مفید ہے۔ مچھلی کا استعمال سرد موسم میں بہت ضروری ہے کیونکہ مچھلی کے استعمال سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اورجسم کو سردی کے دوران توانائی ملتی ہے۔ مچھلی کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے کم آمدن والے افراد کو سردی کے موسم میں بالخصوص مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مینگورہ کے ایک رہائشی نے بتایا کہ گذشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سیزن کے دوران مچھلی کی فی کلو قیمت میں کچھ مقامات پر اضافہ ہوا ہے۔ بعض دکانداروں نے مچھلی کی من مانی قیمتیں مقرر کررکھی ہیں جس کے باعث متوسط طبقے کو مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مچھلی کی قیمتوں میں من مانی کرنے والے ،دوکانداروں،ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ دور دراز سے آئے عام لوگ اور مینگورہ کے شہری سرد موسم میں مچھلی کا بھرپور مزہ اٹھا سکیں۔