ڈگر; ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن محمد اعجاز خان نے کہا ہے کہ بونیر اور خصوصا پیربابا میں جہاد کے نام پر مٹھی بھر شدت پسندبونیر کی پرامن فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر وہ بونیر پولیس سے بچ نہیں سکیں گے ۔اگر انہیں جہاد کا شوق ہے تو وہ افغانستان اور کشمیر جاکر جہاد کریں ۔ وہ پولیس لائن ڈگر میں بونیر کے معززین علاقہ سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر ایم این اے شیراکبر خان ،سابق صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمان،سابق ایم پی اے قیصرولی خان تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور علاقہ مشران بھی موجود تھے ۔ تقیب سے ڈی پی او بونیر سہیل نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ایم این اے شیراکبر خان نے کہا کہ ضلع میں بعض عناصر ایک بار پھر بونیر کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں مگر بونیر کے عوام انکے مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ بونیر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کی وجہ سے بہت سے مسائل پیداہورہے ہیں لہذا بونیر ٹریفک پولیس کو فورک لفٹر فراہم کئے جائیں ۔پی ٹی آئی کے رہنماء وہاب رشید نے کہا کہ بونیر میں منشیات کے استعمال میں روز بروز اضافہ ہورہاہے بونیر کے نوجوانوں کو بچانے کے لئے پولیس اپنا کردار اداکرے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء میاں سید لائق باچا نے کہا کہ بونیر پولیس نے نامساعد حالات میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے بونیر کو پرامن بنادیاہے۔
بونیرمیں شدت پسند دوبارہ سر اٹھانے لگے ،آر پی او ملاکنڈ نے وارننگ دیدی
