محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے 7اضلاع سے ان تمام ریسٹ ہائوسز کی تفصیلات طلب کرلیں جنہیں محکمہ سیاحت کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ ریسٹ ہائوسز کی موجودہ حالت کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سوات اور کوہاٹ سمیت پراجیکٹ ڈائریکٹر کوہاٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ٹی ایم او نوشہرہ، ایبٹ آباد، بانڈہ دائودشاہ ، ہنگو، چترال، بحرین اور مانسہرہ کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ انتظامیہ نے صوبے کے ریسٹ ہائوسز کو محکمہ سیاحت کے سپرد کردیا ہے ان میں محکمہ بلدیات کے جو ریسٹ ہائوسز محکمہ سیاحت کے سپرد کئے گئے ہیں ان کی تفصیلات محکمہ بلدیات کو فراہم کی جائیں اسی طرح ان ریسٹ ہائوسز کو اگر لیز یا کرائے پر جاری کیا گیا ہے یا پھر وہ غیر فعال ہیں تو ان کی تفصیلات بھی محکمہ بلدیات کو فراہم کی جائیں ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات ان تمام ریسٹ ہائوسز کی منتقلی اور موجودہ حالت کے حوالے سے ان کی منظوری صوبائی کابینہ سے لینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے 7اضلاع کی انتظامیہ سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔