سوات(مارننگ پوسٹ)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ نے کہا ہے کہ جنگلات آکسیجن کے کارخانے اور خوشگوار ماحول کے ضامن ہیں وزیراعظم کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت رواں سیزن سے سرسبز ملاکنڈ پلان شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت اگلے چند برسوں میں پورے ڈویژن کے پہاڑوں اور بنجر علاقوں کو جنگلات سے بھرنے کا پلان بنایا گیا ہے تاکہ ہم سوات سمیت تمام اضلاع کو بالکل اسی طرح سرسبز بنا سکیں جیسے کئی سال پہلے یہاں کے کوہسار اور مرغزار درختوں کے جھنڈ در جھنڈ سے مالا مال تھے اس امر کا اظہار انہوں نے گراسی گراؤنڈ سیدو شریف سے ملحقہ سبزہ زار میں محکمہ جنگلات اور ابدالی ایجوکیشن سسٹم کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ کے علاوہ ڈی آئی جی ملاکنڈ محمد سعید خان وزیر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر محمد رئیس خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عامر علی شاہ، ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن غلام حسین غازی، ابدالی سکول کے ڈائریکٹر اختر علی خان، پرورش فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر انجینئر نعیم اللہ اور دیگر حکام وزعماء نے بھی سکول کے بچوں کے ہمراہ پودے لگائے اور پہاڑوں سے لیکر گھروں اور گلی محلوں کی سطح پر سوات کو سرسبز بنانے کا عزم دہرایا سید ظہیرالاسلام شاہ نے واضح کیا کہ سوات میں زیادہ شجرکاری کے علاوہ حکومتی مشینری کو کرپشن سے پاک کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے اس سلسلے میں بعض لوگ ہم پر اثر انداز ہونے اور ترقیاتی عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے انہوں نے واضح کیا کہ سوات کی تاریخ میں پہلی بار موجودہ دور حکومت میں ترقیاتی رفتار تیز ہوئی ہے جس کا سہرا اس جنت نظیر وادی سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر قیادت پوری صوبائی حکومت کو جاتا ہے جنہوں نے سوات سمیت پورے صوبے میں میرٹ، قانون اور انصاف کی بالا دستی یقینی بنانے کے علاوہ حکومتی مشینری اور معاشرے کو کرپشن، اقرباء پروری اور دھونس دھاندلی کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کیلئے فری ہینڈ دیا ہے جسے کسی دباؤ میں آئے بغیر جاری رکھا جائے گا کمشنر ملاکنڈ نے اس بات پر خوشی کا اظہارکیا کہ محکمہ جنگلات امسال سوات میں 13 لاکھ پودے لگائے گا جبکہ شجرکاری مہم کو پہاڑوں اور کھلے میدانوں سے گھروں اور حجروں تک پھیلانے کیلئے نوجوانوں، سکول کے بچوں، علماء اور زندگی کے دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی عملی طور پر شریک کیا جارہا ہے اسی طرح پورے سوات سرکل میں امسال 800 ہیکڑ وسیع رقبے پر تخم ریزی اور 400 ہیکڑ اراضی پر شجرکاری کا پلان ہے جبکہ دیر بالا وپائیں سے دو لاکھ سے زائد دیار کے پودے بھی سوات لانے اور ٹھنڈے کوہستانی علاقوں میں لگانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے اس موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈ سعید خان وزیر نے پولیس لائنز کے علاوہ سوات کے تمام تھانوں، پولیس چوکیوں اور ان سے ملحقہ خالی اراضی پر دیودار اور چنار کے پودے لگانے جبکہ ابدالی ایجوکیشن سسٹم کے ڈائریکٹر اختر علی خان نے گراسی گراؤنڈ اور ملحقہ برساتی نالوں کے کناروں کے علاوہ امان کوٹ کے بنجر پہاڑوں پر دس ہزار دیار کے پودے لگانے اور پرورش فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نعیم اللہ نے 50 ہزار دیودار، چیڑ اور چنار کے پودے لگانے کا اعلان کیا کمشنر ملاکنڈ نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو سکول کے بچوں کو درخت لگانے کی تربیت دینے کی ہدایت بھی کی اور امید ظاہر کی دیگر نجی سکول اور ادارے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیکر قومی مستقبل تابناک بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
گراسی گراؤنڈ سیدو شریف میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب
