سوات(نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ نا اہل حکومت سیاسی افراد اور عوام کے جان و مال کی حفاظت میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،فیروز شاہ خان کا بہیمانہ قتل سیکورٹی کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے،عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے،پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا فیروز شاہ خان کی شہادت پر صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے، اُن کی شہادت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ برسوں پر نہیں کیا جا سکے گا، فیروز شاہ خان ایڈوکیٹ کی شہادت سے نہ صرف مسلم لیگ ن، وکلاء برادری، نیک پی خیل،سوات بلکہ پورے ملک کو نقصان ہوا ہے، وہ ایک محب وطن پاکستانی تھے ہر صورت میں ملکی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا، فیروز شاہ خان جیسے شخصیت کی دن دیہاڑے شہادت اور ملزمان کا فرار ہونا حکومت وقت کیلئے لمحہ فکریہ ہے قاتلوں کو زمین نگل گیا یا آسمان کھا گیا وہ گذشتہ روز سوات دمغار میں فیروز شاہ خان کی نماز جنازے میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ موجودہ نا اہل حکمرانوں کی موجودگی میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، کئی ماہ قبل نواب علی ڈی ای او کوہستان کو قتل کیا گیا اب تک اُن کے ملزمان بھی گرفتار نہیں کئے جا سکے ہیں، مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کل سے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فی الفور ملزمان کو گرفتار کرکے عوام کے سامنے لائے،ان کا کہنا تھا کہ فیروز شاہ خان کی شہادت کی خبر لندن میں ملی تو وہاں سے جنازے کیلئے پہنچا ہوں اُن کی شہادت پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
سوات،فیروز شاہ خان کا بہیمانہ قتل سیکورٹی کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے،امیر مقام
