خیبرپختونخوا زکوةوعشرکونسل نے ضم شدہ اضلاع سمیت صوبہ بھرمیںضلع زکوةکمیٹیوں کے چیئرمینوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ کونسل کا اجلاس چیئرمین انجنیئرعمر فاروق کی سربراہی میں ہوا، جس میں سیکرٹری زکوةو عشر و سوشل ویلفئیر محمد ادریس خان ایڈیشنل سیکرٹری زکوةوعشر محمد فیاض، محکمہ صحت، مالیات اور کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اضلاع سے چیئرمینوں کی نامزدگی کیلئے موصول کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی، جس کے بعد مشاورت سے چیئرمینوں کی نامزدگی مکمل کر لی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری زکوةوعشر محمد ادریس نے کہا کہ محکمہ کی کوشش ہے کہ میرٹ اور شفافیت کے ساتھ حق دار کو ان کا حق پہنچایا جائے، جس کیلئے ضلع زکوةکمیٹیوں کے چیئرمینوں کو باقاعدہ میکانزم کے ذریعے تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل تعینات ہونے والے تمام چیئرمینوں کی کارکردگی پر نظر رکھے گی اور اپنے کام سے غفلت کی صورت میں ضلعی چئیرمین کو ہٹایا بھی جاسکتا ہے۔ چیئرمین کونسل انجنئیر عمر فاروق نے کہا کہ زکوةوعشر کونسل نے گزشتہ دو ماہ میں پانچ اجلاس منعقد کرائے ہیں، جو ماضی میں ہونے والے اجلاسوں سے کئی گنا زیادہ ہیں، انہوں نے کہا کہ کونسل کے اجلاسوں میں تیزی کا مقصد زکوة کی رقم مستحقین کو جلد پہنچانا ہے۔ چیئرمینوں کا انتخاب جمہوری انداز اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا گیا ہے، اور کل تک ان کے اعلامیے بھی جاری کردئیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین میں زکوة کی رقم تقسیم کے لئے ایک ارب 35 کروڑ روپے کی زکوة بجٹ کی منظوری دی گئی ہے اور منظور ہونے والا بجٹ گزارا الائونس، جہیز، دینی مدارس، ٹیکنیکل ایجوکیشن، وظائف، اور سپیشل ہیلتھ پروگرام کی مد میں استعمال کیا جائیگا۔ چیئرمینوں کی تعیناتی سے مستحقین کو زکوة کی رقم پہنچنے کا عمل بھی جلد شروع ہوجائے گا۔