جنت نظیر وادی سوات نہ صرف اپنے حسن کی وجہ سے سیاحوں کا مسکن ہے بلکہ یہ وادی پھلوں کی سرزمین بھی کہلاتی ہے،یہاں سردیوں کے موسم میں رس بھرے مالٹوں کی بہار ہے۔
رس سے بھرا اوروٹامن سے بھرپورسوات کا کھٹا میٹھا مالٹا تیار ہوگیا ہے جب کہ باغات میں درختوں سے پھل اتارے گئے ہیں
شہری تو اس پھل کے دیوانے ہیں کہتے ہیں کہ سوات کا مالٹا بہت لذیذ اور رسیلا ہے سردیوں میں اس کو کھانے سے سینے کے امراض بھی ٹھیک ہوتے ہیں،ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم یہ پھل خودبھی کھاتے ہیں اور گھروالوں کے لئے بھی لے جاتے ہیں۔
دوسری طرف باغ مالکان کا کہنا ہے کہ پہلے یہاں بہت باغات تھے لیکن بد قسمتی سے حکومت کے تعاون نہ ہونے کے باعث مالٹے کے باغات کاٹے جارہے ہیں اور آڑو کے لگائے جارہے ہیں،حکومت تعاون کرے تو مالٹے کی پیدوار بڑھ سکتی ہے۔
سوات میں سڑک کنارے مالٹوں کے اسٹالز بھی سج گئے ہیں جہاں مالٹا کی قیمت ایک سو چالیس روپے سے لیکرایک سو ساٹھ روپے تک فی درجن ہے ۔
سردموسم کی سوغات سوات کا مالٹا رنگت اور ذائقے کے لحاظ سے ہرکسی کی پسند ہے لیکن حکومتی عدم توجہی کے باعث اس رسیلے پھل کے باغات بھی بتدریج ختم ہورہے ہیں۔
سوات کے جہاں دیگر پھل مشہور ہیں وہاں موسم سرم کی سوغات مالٹا بھی اپنے رس اور ذائقہ میں بے مثال ہے۔ موسم سرما میں وادی سوات میں آنے والے سیاح یہ سوغات ضرور گھر لیجاتے ہیں مالٹے کےدرختوں میں بیماری اور حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سےیہ باغات ختم ہوتے جارہے ہیں