سوات (مارننگ پوسٹ)جمعیت علماء اسلام کے ترجمان اعجازخا ن نے کہاہے کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اورایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب صارفین رل گئے،حکومت بھی تما شائی بن گئی،سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سمیت دیگر علاقوں میں سوئی گیس کی گھنٹوں گھنٹوں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،صبح چھ بجے سوئی گیس کی سپلائی معطل ہوجاتی ہے اور دوپہر تک غائب رہتی ہے اسی طرح سرشام بھی چولہے ایک بار پھر ٹھنڈے پڑجاتے ہیں اور یوں صارفین پورا دن ذہنی کشمکش اور پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں،انہوں نے کہاکہ بچے صبح باشتہ کئے بغیر سکول جانے پر مجبورہوگئے ہیں،عام لوگ بھی کچھ کھائے پیئے بغیر کام پر چلے جاتے ہیں،گیس لوڈشیڈنگ کے بعد لوگوں نے ایل پی جی کا استعمال شروع کردیاہے مگر مقام افسوس یہ ہے کہ اس کی قیمتوں میں بھی کمرتوڑ اضافہ کیا گیا،انہوں نے کہاکہ سوئی گیس کی اس بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مختلف قسم کے مسائل سراٹھارہے ہیں مگر حکومت اور دیگر حکام نے اس صورتحال پر مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے،دوسری جانب اس ظلم کیخلاف لوگوں نے وقتاََ فوقتاََ احتجاجی مظاہرے بھی کئے مگر لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں آئی،مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت جلد از جلد سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کرے تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی آسکے۔