سوات (مارننگ پوسٹ) سوات کی برف پوش حسین و جمیل وادی کالام کے علاقہ مہوڈنڈ جھیل کے مقام پر سطحِ سمندر سے 11 ہزار فٹ کی بلندی پر پہلی بارسنوجیپ ریلی کا مقابلہ پشاور کے شکیل برکی نے جیت لیا۔ خواتین ڈرائیوروں میں زویانے میدان مارلیا۔ سنو جیپ ریلی میں ملک بھر سے 60 ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔ فرنٹیئر فور بائی فو کلب کی جانب سے مہو ڈنڈجھیل میں پہلی بار سنوجیپ ریلی کا میدان سجایا گیا، تو ملک بھر سے خطروں کے کھلاڑیوں نے ٹھان لی اور وادئی کالام پہنچ گئے۔ سنو جیپ ریلی میں پانچ خواتین سمیت 60 ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔ وادئی کالام سے بتیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مہوڈنڈجھیل میں مقابلے کے لئے آبشار سے مہونڈڈجھیل تک چار کلومیٹر پر محیط ٹریک بنایا گیا تھا، جہاں ڈرائیوروں نے برف کو چیرتے ہوئے ڈرائیوکیا۔ پشاور کے ڈرائیور شکیل برکی نے مطلوبہ ہدف 1 منٹ 42 سیکنڈ میں طے کرکے میدان مار لیا، جب کہ خواتین میں زویا نے 2 منٹ 55 سیکنڈز میں منزل پر پہنچ کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
کالام ،مہوڈنڈ سنوجیپ ریلی پشاور کے شکیل برکی فاتح قرار
