خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی کی تکمیل کیلئے ایک اور ڈیڈ لائن دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منصوبہ رواں سال30جون کو مکمل کرلیاجائے گا جبکہ اس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ میں کمسن بچی سے زیادتی اوراس کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے متعلقہ اداروں کو ایک ماہ کے اندر قانون سازی کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ صوبے میں آٹا کاکوئی بحران نہیں تاہم وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنروں کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کی ہدایت ہے۔ منگل کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر اور وزیر اعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ کی تکمیل کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک نے جون 2021 کی تاریخ دی ہے لیکن صوبائی حکومت کی کوششوں سے اس منصوبے کو موجودہ مالی سال ہی میں مکمل کرلیا جائے گا۔ حکومت ٹرانسپورٹ نظام پر بھرپور توجہ دے رہی ہے بی آر ٹی کا منصوبہ پشاور شہر میں بے ہنگم ٹریفک اور عوامی مشکلات کے تناظر میں شروع کیا گیا اگرچہ اس کی تکمیل کے دوران پشاور کے شہریوں اور خاص طور پر تاجر برادری کو پریشانی کا سامنا رہا جس کا حکومت کو بھرپور احساس ہے اس لئے یہاں ٹریفک مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شاہ محمد وزیر نے وضاحت کی کہ یہ منصوبہ پہلے 6 ماہ میں اس لئے مکمل نہ ہوسکا کیونکہ یہ بہت بڑا پراجیکٹ ہے بی آر ٹی کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد بد عنوانی کی چھان بین کرنے والے ادارے اس کی تحقیقات کریں۔ صوبائی حکومت ان کو خوش آمدید کہتی ہے بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ایک ماہ کے اندر اندر قانون سازی کی ہدایت کر دی ہے بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزموں کے لئے نیا قانون لا رہے ہیں تاکہ ان جیسے درندوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
بی آر ٹی 30جون تک مکمل ہوجائے گا،حکومت نے نئی تاریخ دے دی
