پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقاراحمد سیٹھ نے ملٹری کورٹ سے سزایافتہ افرادکے مقدمات کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ ان مقدمات میں مزید مہلت نہیں دیں گے ۔ 11 فروری کو ہی اس کیس کا فیصلے کریں گے۔ گزشتہ روز چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس عبدالشکور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل قاضی ارشاد بابر وفاق کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے ۔ انہوں نے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ نے کہا کہ دو سال سے ملٹری کورٹ کے سزا یافتہ کیسوں میں بار بار مہلت مانگی جارہی ہے۔ ملٹری کورٹ ایکٹ کب ختم ہوا ہے ان لوگوں کو سزا کب ہوئی ہے یہ اب دیکھیں گے ۔ ہڑتال ختم ہونے کی دیر ہے مزید مہلت نہیں دیں گے۔ فاضل بینچ نے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ افراد کے کیسز کی سماعت 11 فروری تک کے لئے ملتوی کردی اور قرار دیا کہ 11 فروری کو ہی اس کیس کا فیصلہ کریں گے۔