سوات (مارننگ پوسٹ)   ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کے دفتر سے جاری شدہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع سوات کے تمام ریسٹورنٹس، کھانا کھانے کی جگہوں اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر 5 اپریل تک پابندی ہوگی۔ عرصہ 15 دنوں کے لیے تمام ہیئرڈریسرزا ور بیوٹی پارلرز بند رہیں گے۔ عام دکانیں صبح دس بجے کھلیں گی اور شام 7 بجے بند کی جائیں گی، جب کہ میڈیکل سٹورز اور اشیائے خور و نوش کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ نوٹیفکیشن میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک بازاروں میں بھیڑ لگانے سے اجتناب برتا جائے۔ تمام سرکاری دفاتر صبح 10 بجے کھلیں گے اور سہ پہر 4 بجے بند ہوں گے۔ جمعہ کے روز 12 بجے چھٹی ہوگی۔ دفاتر میں پانچ بندوں سے زیادہ کی میٹنگ پر بھی پابندی ہوگی۔ عرصہ پندرہ دنوں کے لیے گھروں یا دیگر بندجگہوں میں شادی یا دیگر کسی بھی قسم کی تقریب پر پابندی ہوگی۔ ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحوں کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تمام بنک اے ٹی ایم مشینوں کو لگانے اور ریگولیٹ کرنے کے پابند ہوں گے۔