سوات(مارننگ پوسٹ)علاقہ کوکارئی میں کروناوائرس کی روک تھام اور عوام کو آگاہی دینے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار،بھرپوراندازمیں مہم چلانے پر اتفاق،مختلف امور کی انجام دہی کیلئے لوگو ں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، گذشتہ روزسوات کے گاؤں کوکارئی میں کرونا وائرس سے متعلق آگاہی مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہو جس میں تنظیم خواگہ کلی وال کے ممبران، صحت و تعلیم کے ماہرین،علماء،سیاسی و سماجی شخصیات اورعلاقہ عمائدین نے بھی شرکت کی،اجلاس میں طے پایا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے ایک موثر بیداری مہم شروع کی جائے تاکہ عام لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے تیزی سے پھیلنے والے اس مہلک وبا ء کا مقابلہ کر سکے، اجلاس میں ڈاکٹر محمد ریاض اور عبدالباری نے اس عالمی وباء کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور زور دیا کہ ہمیں ہر صورت میں عوام کو گھروں میں محدود کرنا ہوگابصورت دیگر یہ وباء ہفتوں میں نہیں بلکہ دنوں میں پوری آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے،اسلامی نکتہ نظر پر بھی اس وباء سے متعلق تفصیلی بات ہوئی اور قرار پایا کہ پہلے قدم پر گاؤں کی مساجد سے اعلانات کئے جائیں گے کہ لوگ گھروں تک محدود رہیں اور وباء سے بچنے کیلئے تمام ترضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں گھروں اور گلی کوچوں کی صفائی کی طرف بھرپور توجہ دیں، میل جول کی صورت میں ایک دوسرے سے فاصلے رکھیں، شادی و غمی کی صورت میں غیر ضروری شرکت سے اجتناب کریں،معمر افراد کا بھرپور خیال رکھا جائے اور اس صورتحال کی وجہ سے بیکار ہونے والے دہاڑی دارمزدورں، غریبوں اور ہمسایوں کی مالی مدد کی جائے،شرکاء نے کہاکہ کسی بھی مشکل صورتحال میں گاؤں کے سماجی کارکن موثر خدمات کی فراہمی کیلئے کوشاں رہیں گے اور بخار کی صورت میں شعبہ صحت کے کارکنان بھرپور رہنمائی کریں گے، اس دوران ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا اوران کی انجام دہی کے لئے رابطہ کار مقرر کئے گئے جس کے مطابق پرنسپل اختر علی عمومی رابطہ کار کے علاوہ مالی امور کی نگرانی کریں گے،ڈاکٹر محمد ریاض اور عبدالباری صحت، پرنسپل میاں شاہ سید اور محمد عالم خان سکول کے طلباء، ایاز باچا سوشل میڈیا، صمد خان ڈاکومنٹری اور میر کرم خان بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ رابطہ کاری کا فریضہ سرانجام دیں گے جبکہ مساجد کے امام صاحبان کے ساتھ رابطہ کاری کیلئے محلہ بنڑ مسجد کے امام قاری عطا ء اللہ کو ذمہ داری سونپ دی گئی، اجلاس میں حکومت سے مطالبہ بھی کیا گیا کہ چونکہ یہ علاقہ تین اضلاع کے سنگم پر واقع ہے اس لئے یہاں پر آمد ورفت کومحدود کرنے کیلئے کم از کم ایک ہفتے کیلئے علاقے کو سیل کیا جائے تاکہ اس وباء کے ممکنہ طور پر پھیلنے کے خدشات دور ہوسکے۔
سوات، کوکارئی میں کروناوائرس روک تھام اور عوامی آگاہی حوالے سے لائحہ عمل تیار
