سوات(مارننگ پوسٹ)بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر عبداللہ اور میڈیسن سپیشلسٹ ڈاکٹر شہریار نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے حوالے سے اگلے دو ہفتے پاکستان میں رہنے والوں کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں اگر لوگوں نے حکومت کی جانب سے گھروں میں رہنے کے اقدامات کو نظر انداز کیا تو پھر ہمیں اذیت ناک موت سے بچنے کے لئے کوئی جگہ نہیں ملے گی، وائرس میں مبتلاء لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ہمارے پاس وہ وسائل نہیں جو ترقیافتہ ممالک کے پاس موجود ہیں، امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک بھی موذی وائرس سے نمٹنے میں ناکام ہوچکے ہیں لہٰذا لوگ اگلے دو ہفتوں تک اپنی سرگرمیاں محدود رکھیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98سوات کے سپیشل ٹرانسمیشن ”ریڈیو کلینک“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا پروگرام کے میزبان فضل خالق خان، عصمت علی اخون، شائستہ حکیم، وقار احمد سواتی اور جنید ابراہیم سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ اور ڈاکٹر شہریار نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہر شخص مسلسل ہاتھ دھونے اور سوشل گیدرنگ سے گریز کرتے ہوئے اپنے آپ کو صرف دو ہفتے کے لئے گھروں تک محدودرکھیں، دنیا بھر میں اس موذی وائرس نے پنجے گاڑھ لئے ہیں، چین نے بہتر حفاظتی اقدامات کی بدولت نجات پائی اگر ہم نے ان کی تقلید کی تو ہم بھی اس وباء سے محفوظ رہ سکتے ہیں لیکن اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو اللہ نہ کرے آنے والے دنوں میں ہمارا حال بھی متاثرہ ممالک سے مختلف نہ ہوگا انہوں نے لوگوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بیرون ممالک کا سفر کرکے آئے ہیں وہ رضاکارانہ طورپر اپنی سرگرمیاں دوہفتوں کیلئے محدود کرکے اپنے آپ اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ بنائیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ کورونا وائرس چھینک کے چھینٹوں سے نکلنے کے بعد ہوا میں تین گھنٹوں تک برتن پر 4 گھنٹے،میزوغیرہ پر 24 گھنٹے پلاسٹک اور سٹیل کے برتنوں پر 2 تا تین دن تک زندہ رہتا ہے لہٰذا لوگ صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے خصوصی ٹرانسمیشن ”ریڈیو کلینک ” جاری ہے جس میں روزانہ مختلف ڈاکٹروں کی پینل آن لائن لوگوں کی طبی مسائل سنتے ہیں اور ان کو ادویات اور طبی مشورے دیتے ہیں عوام نے بھی خصوصی ٹرانسمیشن ”ریڈیو کلینک” کو خوب سراہا۔
سوات: اگلے 2 ہفتے پاکستان میں رہنے والوں کے لئے نہایت اہم ہیں،طبی ماہرین
