کالام(ایچ ایم کالامی سے) لاک ڈاؤن کے دوسرے روز سوات کوہستان میں نرمی کی گئی۔ عوام کو اشیائے خوردہ اور ضروری اشیاء کی خریداری تک رسائی ممکن بنا دی گئی۔ ڈی ایس پی سرکل مدین عطاؤاللہ خان کے مطابق سوات کوہستان میں دس بجے تک سختی کی گئی، مگر عوام کی تکلیف کے پیش نظر بعد میں ڈی سی سوات کی اجازت سے کالام، بحرین اور مدین میں تھوڑی سی نرمی کی گئی۔ اشیائے خوردہ کی دکانیں، بینک، فارمیسی سبزیوں اور گوشت کی دکانیں کھول دی گئیں ہیں۔ جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر مکمل طور پر پابندی عائید کی جاچکی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بحرین سکندر خان نے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی گئی۔ بازاروں میں پولیس نفری کو بھی کم کردیا گیا اور عوام کو اشیائے ضروریہ تک رسائی ممکن بنادی گئی۔ انتظامیہ نے عوام سے بھرپور تعاون کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آسکے اور حالات پر قابو پایا جاسکے۔