سوات:پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ موجودہ نام نہاد انصاف کی حکومت میں حقیقی مستحقین کو چھوڑ کر سیاسی بنیادوں پر غیر مستحق لوگوں کو افراد کو احساس پروگرام اور کئی دیگر پروگرام میں نوازنا انتہائی قابل مذمت ہے، زمہ داروں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے، انہیں اس ناانصافی اور غیر منصفانہ تقسیم پر اس دنیا اور آخرت میں بھی جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں کورونا سے لڑنے کیلئے جو انتظامات کئے ہیں وہ ناکافی ہیں، پورے صوبے میں صرف ایک ٹسٹینگ لیب ہے، حکومت ہر ضلع میں لیبارٹری بنانے میں ناکام رہی ہے، جن علاقوں میں مثبت کیسز آئے ہیں ان علاقوں کو سیل کر دیا جاتا ہے مگر ضروریات پہنچانے کا صحیح انتظام نہیں ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے حکومت نے کوئی انتظام نہیں کیا، خصوصی فلائٹس اور ایئرپورٹس پر سکریننگ کا انتظام کر کے تارکین وطن کو گھرانوں تک پہنچانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ملک خیبرپختونخوا کے دوسرے صوبوں میں بھی پھنسے ہوئے لوگوں کا خاص انتظام نہیں ہے، تبلیغی جماعت کے لوگوں کو جگہ جگہ گا کی مشکلات کا سامنا ہے مگر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، مشکلات سے دوچار ہونے والے لوگوں کا باقاعدہ سکریننگ کرکے فی الفور گھروں تک روانہ کر دیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبرقومی اسمبلی نور علیم خان اور ڈی جی نادرہ خیبرپختونخوا میرعلم خان کی والدہ کی فاتحہ خوانی اور کافور ڈھیری میں سابق تحصیل ناظم ہم فریداللہ خان کے بھائی اور عبدالرحمان ان کے بھتیجے کی فاتحہ خوانی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔