سوات(مارننگ پوسٹ) ملاکنڈڈویژن کی نجی تعلیمی تنظیموں نے حکومت سے تعلیمی اداروں کو ریلیف دینے اور تعلیمی سلسلہ فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔جائز مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان بھی کردیا۔ کرونا کے سبب جہاں دیگر شعبے متاثر ہوئے وہاں نجی تعلیمی ادارے بھی بری طرح متاثرہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک،پرائیویٹ سکول مینجمنٹ، پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگرتنظیموں کے عہدیداروں امجدعلی شاہ اور عبدالجلیل نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایک طرف لاک ڈاؤن کی وجہ سے اداروں میں پڑھنے والے لاکھوں بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہورہاہے، تودوسری طرف ان اداروں میں پڑھانے والے اساتذ ہ اور دیگر سٹاف کی پریشانیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تیرہ مارچ کی شام سے جب بچے گھر وں کو واپس آچکے تھے، سکول بند کردئیے گئے۔ اس کے ساتھ اڑھائی ماہ سردیوں کی چھٹیوں کے بعد یکم مارچ کو ادارے کھلنے کے بعد دوبارہ بند ہوگئے۔ اسی طرح بغیر کسی منصوبہ بندی کے سکولوں کی بندش سے سب سے زیادہ نقصان بچوں کی تعلیم کا ہوا۔