سوات(مارننگ پوسٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے آئندہ مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ شرم کے مارے کو ئی لینے والا بھی نہیں ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ روٹی ، کپڑا اور مکان، خپلہ خاورہ خپل اختیارکے نعرے والوں اور اسلام کے ٹھیکیداروں سمیت مختلف نام نہاد سیاسی مداری نئے لبادے میں عوام کو دھوکہ دینے کے لئے سرگرم ہیں لیکن وہ یاد رکھیں کہ پی ٹی آئی کے چئیر مین عمران خان نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا ہے اور اب عوام ان سیاسی سوداگروں کے چالوں میں ہرگز نہیں آئینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع دارمئی مٹہ سوات میں ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے این پی اور مسلم لیگ (ن) کے اہم سرکردہ شخصیات جن میں بیدار، حیدر علی ، کامران ، آیاز علی ، آصف ، میاں سید ، حسین ، ارشد علی ، عزیز اللہ ، انعام اللہ ، عمر رحمان اور طارق نے اپنے اپنے خاندانوں کے ہمراہ مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے روایتی اور موروثی سیاست کے خاتمے کے ساتھ ساتھ کرپشن ، کمیشن اور اقرباء پروری کے نظام کا مکمل طور پر خاتمہ کیا۔ اب عوام کے مسائل و مشکلات ترجیحی بنیادوں پر ادارے خود حل کررہے ہیں۔ اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے عوام کے مسائل میں کافی حد تک کمی ائی ہے۔ محمود خان نے کہا کہ صوبے میں بہتر امن وامان کی صورت حال کی بدولت لاکھوں سے زائد سیاح خیبرپختونخوا کی جنت نظیر وادیوں میں آئے۔ انہوں نے صوبائی اسمبلی کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کیا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں صوبائی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو مل رہاہے۔