اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسیدخورشیدشاہ نے امیدظاہرکی ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام کاعلان منگل تک ہوجائے گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وزیراعظم کے چیمبر میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں نگراں وزیر اعظم کے لیے مجوزہ ناموں پرغورکیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ترکی جارہے ہیں ، نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اتوار کو ملاقات رکھ لیتے ہیں جس کے بعد طے ہوا کہ منگل کو ایک اور ملاقات ہوگی جس میں نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کیا جائے گا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم سے مختلف ناموں پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور منگل کو نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیں گے۔وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ پوزیشن نے اپنے ناموں کو حتمی شکل دے دی جس پر قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ میں اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے نام پر بحث کریں گے۔