ویب ڈیسک: امریکا اور برطانیہ نے قطر میں موجود اپنے شہریوں کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفارت خانے نے قطر میں مقیم امریکی شہریوں کو ای میل کے ذریعے متنبہ کیا ہے کہ وہ تاحکمِ ثانی محفوظ مقامات پر قیام کریں۔ یہ اقدام ایران کی جانب سے جوہری تنصیبات پر ممکنہ امریکی حملے کے جواب میں ردعمل کی دھمکیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان، ماجد الانصاری نے امریکی سفارت خانے کی ہدایات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے، اور کسی مخصوص خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قطر اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کو تیار ہے۔

دریں اثنا، برطانوی حکومت نے بھی قطر میں موجود اپنے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی ہے۔

واضح رہے کہ قطر میں واقع العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، جہاں تقریباً 10 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔