سوات(مارننگ پوسٹ) 22 نومبرگراسی گراؤنڈ جلسہ عام کے حوالے سے جماعت اسلامی سوات کے ضلعی ذمہ داران،تحصیل و مقامی امراء اورصدور و سیکرٹریز شعبہ جات کا اجلاس المر کزالاسلامی سنگوٹہ میں زیر صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع سوات حمید الحق منعقد ہوا۔اجلاس میں جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبر پختونخوا عبد الواسع بطور ِمہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبد الواسع نے کہا کہ22 نومبر کا جلسہ عام سوات کے تاریخ کا سب سے بڑا اور عظیم الشان جلسہ عام ہوگا۔موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں مسلسل تیزی کیساتھ اضافہ ہورہاہے،پاکستانی عوام مہنگائی کے دلدل میں شدید حد تک پھنس چکے ہیں،گزشتہ ڈھائی سالوں میں ہر قسم کے اشیاء ضروریہ کے قیمتوں میں ڈبل اور تھرپل حد تک اضافہ ہواہے،حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی کی وجہ سے 35 لاکھ افرادبے روزگار ہوچکے ہیں،اسی طر ح بجلی و گیس کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہے، بجلی رائیلٹی کے مد میں صوبے کا مرکزکو چار سو پچاس ارب روپے اے جی این قاضی فارمولے کے تحت بقایاجات ہے،پہلی بارایک ہی پارٹی کا صوبے اور مرکز میں حکومت ہے،لیکن پھر بھی مرکزی حکومت نے صوبے کو اپنے حقوق سے محروم رکھاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی، بد ترین مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جماعت اسلامی نے یکم نومبر سے ملک گیر تحریک کا آغاز کیا ہے،جسکے سلسلے میں 22 نومبر کو سوات کے گراسی گر اؤنڈ میں مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد ہوگا،جوکہ سوات کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ عام ہوگا،جس سے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا نعرہ ہے کہ حکومت بھی نا اہل ہے اور اپوزیشن بھی چوروں کا ساتھ دے رہی ہے،جماعت اسلامی کی قیادت ہر قسم کی کرپشن اور چوری سے پاک ہے،پاکستان کے عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ اور کوئی آپشن موجو د نہیں،پاکستا ن کے عوام ضرور جماعت اسلامی کے طرف لوٹیں گے۔اجلاس سے امیر جماعت اسلامی سوات حمید الحق اور جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سوات ڈاکٹر خالد فاروق نے بھی خطاب کیا۔
جماعت اسلامی کا 22 نومبر کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ عام ہوگا،عبد الواسع
