بونیر:گڈز ٹرانسپورٹ فیڈریشن خیبرپختونخوا کے پریس سیکرٹری اور بونیر گڈز ٹرانسپورٹ کے جنرل سیکرٹری نصیب گل بونیر وال نے 16مارچ سے صوبہ گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دیگر صوبوں کے گڈز ٹرانسپورٹ یونین کیساتھ رابطے جاری ہے تاکہ ایک ہی دن پورے ملک میں ہڑتال کر کے گڈز ٹرانسپورٹ کو جرمانوں کے نام سے سڑکوں پر لوٹ مار کیخلاف موثر آواز اُٹھائی جائے۔

نصیب خان نے گڈز ٹرانسپورٹ کو لوٹنے سے متعلق بتا یا کہ پشاور ،اسلام آباد،لاہور ،کوئٹہ اور کراچی تک سڑکوں پر گڈز ٹرانسپورٹ سے ٹریفک پولیس،ایکسائیز،آر ٹی اے،پی کے ایچ اے اور این ایچ اے کا عملہ مختلف بہانوں سے فی ٹرک پانچ ہزار سے 10 ہزار روپے جرمانوں کے نام پر لوٹتے ہیںجس کی وجہ سے کروڑوں مالیت کی بڑی گاڑیاں رکھنے والے افرادترقی اور فائدہ کی بجائے نقصان میں جارہے ہیںاور ماہانہ اقساط تک پورے نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائر ٹیوب کیلئے بھی قرضہ اُٹھارہے ہیں جبکہ سڑک پر کھڑا عملہ مفت میں کروڑ پتی بنتا جارہا ہے۔نصیب گل نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ مزید لٹنے اور خوار ہونے کیلئے تیار نہیں ہے اور نہ 35ٹن کی بجائے 60ٹن اوور لوڈ لے جاتے ہوئے موٹر وے جیسے بڑے منصوبے کو تباہ برباد کر کے سڑک پر کھڑے عملہ کیلئے مال بنانے کا ذریعہ بننے کیلئے تیار ہیں اس لئے حکومت کو آخری موقع دیا جاتا ہے کہ وہ گڈز ٹرانسپورٹ کے ذمہ داروں کیساتھ مل بیٹھ کر اصلاح وا حوال کیلئے اقدامات اُٹھائے ورنہ ملک گیر پہیہ جام کیلئے تیار ہو کر ملک کو پہنچنے والے نقصان کیلئے بھی حکمرانوں کو ذمہ دار ٹھہرایا جائیگا۔