خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے ناٹمیرہ سوات میں نئے پل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ حکومت صوبہ میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے پل سے اہل علاقہ کو آمدورفت میں درپیش مسائل کم ہونگے۔ تحریک انصاف کی حکومت کا مشن عوام کوزیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد سے صوبہ میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہوچکی ہے، صوبائی حکومت کا واحد ایجنڈا صوبے میں ترقی کا پہیہ تیز سے تیز تر کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ حکومتوں کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت محض دعووں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ اپنے وعدوں کو حقیقت کا جامہ پہناتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ضلع سوات میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا ہے جس سے حقیقی خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے باعث صوبے کے حالات بہتر ہورہے ہیں، میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس سے مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور ان کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔
سوات علاقہ ناٹمیرہ میں ڈیڑھ کروڑ کی لاگت سے بننے والے نئے پل کا افتتاح،
