سوات(بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات ارشدخان نے کہاہے کہ کارکن صحافیوں کو ان کا حق دلانے کے لئے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھارہی ہے،فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کو تمام سہولیات اور مراعات دی جائیں گی،سوات کے صحافیوں نے سخت وقت میں جو کردار اداکیا وہ قابل تحسین ہے،سوات کے کارکن صحافیوں کی قربانیوں کو دنیاسراہ رہی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریکوٹ میں سوات الیکٹرانک میڈایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سوات الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر سعیدالرحمن،جنرل سیکرٹری شہزاد نوید نے سیکرٹر ی اطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگا ہ کیا،سوات پریس کلب کے سابق چیئرمین سیدشہاب الدین،شیرین زادہ،نیاز احمد خان،فضل خالق خان،شفیع اللہ،سلیم اطہر اور عبداللہ شرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔سیکرٹری اطلاعات ونشریات ارشدخان نے کہاکہ کہ صوبائی حکومت صحافیوں کودرپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور اس ضمن میں تمام تر قانونی تقاضوں بروئے کار لایا جارہا ہے تاکہ کوئی بھی کارکن صحافی اپنے حق سے محروم نہ رہ سکے،انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صحافی عوام کی بھرپور نمائندگی کا حق اداکرتے ہیں اور ہمیں بھی یہ احساس ہے کہ ان کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے اور انہیں ہر ممکن مراعات اور سہولیات بہم پہنچائی جائیں جس کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ سوات کے صحافیوں نے کشیدگی اور سیلاب کے ساتھ ساتھ ہر مشکل وقت اپنا بھرپور کردار ادا کیا جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔