سوات میں جدید سہولیات سے آراستہ چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید خان نے پشاور سے ورچوئل افتتاحی تقریب کے ذریعے کیا۔ افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی عدالتیں چائلڈ پروٹیکشن سے متعلق قوانین کو بہتر انداز میں عمل میں لانے اور صوبے میں بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے عین مطابق ماحول مہیا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہونگے۔ تقریب میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام، ڈی آئی جی ملاکنڈ عبدالغفور آفریدی، ایڈیشنل رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ مینگورہ بنچ ممریز خان خلیل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات شعیب خان، ججز، وکلا اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں بتایا گیا کہ ان خصوصی عدالتوں میں بچوں کے لئے پلے ایریاز، سٹڈی ایریاز اور دیگر سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ تقریب سے اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات شعیب خان نے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کے قیام کو تاریخی پیشرفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع سوات میں 29 جوینائل کیس ہیں۔ خصوصی کورٹ کے قیام سے بچوں کو عدالتی احاطے میں نہ صرف دوستانہ ماحول میسر آئے گا، بلکہ ویڈیو لنک کی سہولت سے انہیں بیان ریکارڈ کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔