سری لنکا سے تعلق رکھنے والے بدھ مت کے راہبان نے سوات کا دورہ کیا اور بدھ مت ماننے والوں کی مرکزی عبادت گاہ سیدو شریف میں عبادت کی اور دعائیں مانگیں۔ راہبان نے زرد رنگ کے دو کپڑے پہنے تھے۔ پہلی دفعہ مرکزی عبادت گاہ پہنچنے پر خوشی سے ان کی آنکھیں پُر نم ہوئیں۔ راہبان نے سٹوپہ کے گرد چکر لگائے اور پھر عبادت کی۔ سری لنکا سے آنے والے16رکنی وفد میں 11 راہبان اور 5 سرکاری عملہ تھا۔ راہبان نے شنگردار سٹوپا، بت کڑہ1 اور جہان آباد بدھا کا بھی دورہ کیا اور وہاں بھی عبادت کی۔ اس کے علاوہ راہبان نے سوات عجائب گھر کا دورہ کیا اور وہاں پتھر پر موجود بدھا کے پاؤں کا نشان دیکھا۔ سری لنکن راہبان سوات میں عبادت کرنے کے بعد واپس روانہ ہوئے۔