سوات:کورونا وباء کی تیسری لہر پر قابو پانے اور عید الفطر کے تناظر میں اعلان کردہ تعطیلات اورلاک ڈائون کی مدت مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ،ضلعی انتظامیہ کے جانب سے لگائی گئی مختلف پولیس چیک پوسٹیں ہٹا دی گئی۔جس کے بعد بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بحال ہوگئی جبکہ مینگور شہر سمیت پورے ضلع سوات میں تمام مارکیٹیں ، دکانیں اور دفاترکل سے دوبارہ کھلیں گے ۔
آل سوات ہوٹلز ایسوسی ایشن نے 17 مئی سے ایس او پیز کیساتھ ہوٹلز کھولنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق تمام بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو اتوار کے روز بحال کر دیا گیا
پیر سے تمام مارکیٹیں اور دکانیں بھی کھل جائیں گی جنہیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔ دفاتر میں معمول کے اوقات آج17 مئی سے بحال ہوجائیں گے تاہم 50فیصد عملے کے گھروں سے کام کرنے کی شرط برقرار رہے گی۔
ملک بھر کے بینکس او رمالیاتی ادارے بھی عید الفطر کی تعطیلات کے بعد آج ( پیر) کے روز دوبارہ کھل جائیں گے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے عید الفطر کی تناظر میں 10سے 15مئی تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا تاہم طویل تعطیلات میں عوام کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے 8مئی بروز ہفتہ کو بینکس کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ۔