25ستمبر2021

 سوات(مارننگ پوسٹ، 25ستمبر2021 )خواتین، خواجہ سرا اور معذورں کو سیاست میں حصہ دیاجائے ، جمہوریت میں تمام طبقات کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں، ڈاکٹریاسمین گل. عوامی ویلفیئر سوسائٹی کی چیئر پرسن ڈاکٹر یاسمین گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم خواتین، خواجہ سرا اور معاشرے میں نظرانداز تمام طبقات کو آئین پاکستان کے مطابق حقوق دلانے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی ای اے کے زیرانتظام سوات میں اب عوامی ویلفئر سوسائٹی، کاروان ، روشنی اور دیگر غیرسرکاری تنظیمیں ان افراد کو ان کا جائز حق دینے کے لئے جدوجہد کررہی ہیں. انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی نمائندگی کا تناسب ۳۳ فیصد سے کم کرکے سترہ فیصد کرنا قبول نہیں، اس کو بحال کیا جائے ۔ اس کے ساتھ خواجہ سراؤں اور معذوروں کو بھی بلدیاتی الیکشن میں مخصوص سیٹیں دی جائیں۔ اس موقع پر خواجہ سرا شگفتہ جان نے کہا کہ ان کے ساتھ معاشرے میں فرق تو کیا جا رہا ہے . اس کے ساتھ سرکاری اداراوں میں بھی ان کی فریاد نہیں سنی جا رہی. اس کے لئے حکومت کو رائج قوانین کو عملی کرنے کی ضرورت ہے . روشنی تنظیم کے سربراہ جمال شاہ نے کہا کہ خواجہ سرا اور دیگر طبقات بھی معاشرے کا حصہ ہیں. ان کے لئے تعلیمی اداروں اورسرکاری نوکریوں میں کوٹا دیاجائے ۔ تاکہ یہ طبقہ بھی باعزت زندگی گزارے . اس کے ساتھ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی شناختی کارڈ میں خواجہ سرا کے نام کے ساتھ لکھے گئے "ایکس” کو ہٹا دیا جائے . کیوں کہ اس کی وجہ سے تمام خواجہ سرا سعودی عرب کا سفر نہیں کرسکتے . اس طرح حج اور عمرہ کی سعادت سے محروم ہورہے ہیں، سکے ساتھ ایکس کے ساتھ تمام خواجہ سرا وراثت کے حق سے بھی محروم ہورہے ہیں۔اس موقع پر عوامی ویلفئر سوسائٹی کے رہنما محی الدین نے کہا کہ خواتین، خواجہ سرا اور معذور افراد کے مسائل حل کرنے کے لئے سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی تنظیمیں اور میڈیا مثبت کردار ادا کریں۔