ضلعی پولیس سربراہ زاہد نواز مروت کی زیر صدارت سوات پولیس کا ماہانہ اجلاس، گزشتہ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
جاوید اقبال شہید پولیس لائن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت کی زیر نگرانی سوات پولیس کے افسران کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ایس پی شاہ حسن، ایس پی اپر سوات درویش خان، جملہ ڈی ایس پی صاحبان، ضلع کے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات نے ضلع پولیس کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔ اجلاس کے دوران پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، قتل، اقدام قتل ضرر سمیت دیگر مقدمات میں ملوث ملزمان، مجرمان اشتہاریوں، سود کا کاروبار کرنے والوں، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش سمیت جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائی جائیں،حساس مقامات، سکول، کالجز، بینکوں، منی چینجرز وغیرہ کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے، گشت کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے، انسدادی کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت سنیپ چیکنگ، سرچ سٹرائیک کے دوران ناجائز اسلحہ ایمونیشن کی برآمدگی عمل میں لائی جائے، زیر تفتیش مقدمات میں خاص طور پر منشیات کے مقدموں میں تفتیشی امور بہتر بناتے ہوئے سزایابی یقینی بنائی جائے اور ڈی ایس پی اس کی بذات خود نگرانی کریں، جائیداد، رستہ، مساجد تنازعات کے حوالے سے علاقہ معززین کی خدمات حاصل کرتے ہوئے ایسے تنازعات جو بعد از دشمنی یا کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہوں ان کا علاقائی طور پر حل یقینی بنایا جائے، انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور عوام کی سہولت اور آسانی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔تھانے میں آنے والے سائلین کا خصوصی خیال رکھیں اور اُن کے مسئلے مسائل کو قانون کے مطابق فوری طور پر حل کریں، غریب، مسکین، مظلوم لوگوں کی مدد کریں۔