مینگورہ۔۔سابق یوسی ناظم اور تحریک انصاف کے دیرینہ وسرگرم کارکن محمد زیب نے کہاہے کہ حالات کے تناظرمیں چندماہ قبل ہم نے پیشگوئی کی تھی کہ اگر باہمی مشاورت سے بلدیاتی الیکشن میں نظریاتی اورسنجیدہ کارکنوں کوامیدواروں کے طورپرسامنے نہیں لایا گیاتو جیت ممکن نہیں،اس حوالے سے ہم نے اپنی آواز باربار پارٹی قیادت تک پہنچائی مگر کسی نے اہمیت اورتوجہ نہیں دی،پی ٹی آئی کیلئے ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں مزید قربانیاں دینے کوبھی تیار ہیں،وزیر اعظم عمران کے وژن کو مشن سمجھ کر آگے بڑھارہے ہیں اور اس مقصدکے حصول کیلئے تمام تر صلاحیتیں اور دستیاب وسائل بروئے کا رلارہے ہیں،میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کارکن کسی بھی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں لہٰذہ تمام فیصلوں میں ان کی رائے کو اہمیت دی جائے جبکہ نئے لوگوں کو پارٹی میں شامل کرانے سے قبل پرانے ناراض اورنظریاتی کارکنوں کو منانا پارٹی کی ضرورت اور حالات کا تقاضا ہے،انہوں نے کہاکہ اب تک ملم جبہ سمیت جتنے بھی سکینڈل سامنے آئے یا جتنے حکومتی اراکین پر کرپشن کے الزامات لگے ہیں ان کی فوری تحقیقات کرکے عوام کے سامنے حقائق لائے جائیں کیونکہ اس طرح کے سکینڈل اور الزامات سے عوام میں ذہنوں میں مختلف قسم کے سوالات سراٹھارہے ہیں جن کا جواب دینا ضروری بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہاکہ انٹراپارٹی الیکشن کے ذریعے پارٹی کو مزید استحکام دیا اورکارکنوں کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے جبکہ انٹراپارٹی الیکشن پارٹی کیلئے ایک ضروری عمل بھی ہے جسے کرانے میں دیر نہیں ہونی چاہئے،انہوں نے کہاکہ جنہیں عوام نے منتخب کیا ہے انہیں عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئے اقتدار صرف نام کی چیز نہیں بلکہ برسراقتدار رہنے والوں پر عوام کی خدمت کی بھاری ذمہ داری ہوتی ہے جسے بطریق احسن نبھانا ازحد ضروری ہوتاہے،انہوں نے کہاکہ ہم اب بھی کہتے ہیں کہ اگر آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو الیکشن کے میدان میں سنجیدہ،نظریاتی اور قربانی دینے والے امیدواروں کو اتارنا ہوگا اور اگر آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں امیدواروں کی نامزدگی میں نظریاتی اور قربانی دینے والے کارکنوں سے مشاورت نہیں کی گئی تو ان کے نتائج بھی حالیہ بلدیاتی الیکشن کی طرح ہی سامنے آئیں گے،انہوں نے کہاکہ ناراض کارکنوں کومنانا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہی کارکن پارٹی کیلئے قدم قدم پر قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں،
بلدیاتی الیکشن میں سنجیدہ،نظریاتی اور قربانی دینے والے امیدواروں کو شامل کرنا ہوگا۔محمد زیب
