سوات :پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک کو بربادی کی طرف دھکیلنے کے بعد ” بلے ” پر مہر لگانے والا بڑا سنگدل انسان ہو گا، موجودہ حکمران ملک، خیبرپختونخوا، ملاکنڈ اور بحرین کالام کے لوگوں کے دشمن ثابت ہوئے، ملک میں بد ترین مہنگائی، کرپشن، اقربہ پروری، سیاسی انتقام اور جھوٹ کی سیاست کا دور دورہ ہے، ہمیں انتہائی دکھ ہو رہا ہے کہ اگر مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو چکدرہ سے کالام، خوازہ خیلہ سے بشام تک ایکسپریس ویز بنے ہوتے، پی ٹی آئی نے اقتدار میں آتے ہی دونوں منصوبوں کودفن کر دیا اب وہ کس منہ سے بحرین کالام آئیں گے اور لوگوں سے ووٹ مانگیں گے، کالام ایکسپریس وے کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ بحرین سے کالام تک رابطہ پلوں کو سیاسی انتقام کے نذر کر دیا آج فخر سے کہتا ہوں کہ چکدرہ سے کالام تک روڈ کی منظوری کے ساتھ عملی کام کرکے دکھایا مگر ظالموں نے کالام روڈ کے پلوں کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا آج راستے میں آتے ہوئے دکھ ہوا کہ میں نے جو سوات کے مختلف علاقوں کیلئے سوئی گیس کی منظوری کرائی تھی اسی طرح جگہ جگہ صرف پائپ پڑے ہوئے ہیں اور زنگ آلود ہو رہے ہیں ان کاکام اندھے آنکھوں کا علاج نہیں بلکہ ٹھیک آنکھ کو اندھا کرنا ہے اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو ملک کے بگڑے ہوئے صورتحال اور پٹڑی سے اُترے ہوئے گاڑی کو نواز شریف، شہباز شریف کی قیادت میں دوبارہ ٹریک پر لائیں گے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی بہتری مسلم لیگ ن، نواز شریف اور شیر کا ساتھ دینے میں ہے وہ مینگورہ، منگلور، چار باغ، فتح پور، قندیل اور بحرین میں مسلم لیگی رہنما ملک جہانگیر کی ہمشیرہ اور سابق صوبائی وزیر ملک دیدار کی بھتیجی کے فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج دل خون کے آنسو رو رہا ہے جو منصوبے ہم نے اپنے دور حکومت میں منظور کرائے اور اس کیلئے باقاعدہ فنڈز منظور کرائے اس کو ختم کرکے کالام، بحرین، خوازہ خیلہ اور بشام کے لوگوں کے ساتھ کھلی دشمنی کی گئی انہوں نے کہا کہ ان ظالموں نے ملک کا جو حشر کیا ہے اب اس کو ٹریک پر لانے کیلئے بھی بہت عرصہ لگے گا مگر میاں نواز شریف، شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن ان تمام بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔