سوات( مارننگ پوسٹ) اقوام عالم کو چاہیئے کہ افغانستان کو انسانی حقوق کے بنیادوں پر تسلیم کریں، بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ بھرپور حصہ لینگے،ان خیالات کا اظہار، جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کے صوبائی امیر مولانا سید محمد یوسف نے سوات پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن تمام دنیا میں امن کی ضمانت ہے، اگر افغانستان میں بد امنی آتی ہے تو نہ صرف اس خطے میں بلکہ پورے دنیا میں امن و امان خراب ہوسکتا ہے۔ خصوصاً افغانستان میں بدامنی سے پاکستان، انڈیا، چائینہ اور ایران زیادہ متاثرہ ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی افغانستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اب اے پی سی کے بعد اسلام اباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے ساتھ ساتھ تمام اسلامی ممالک، یورپی ممالک اور دیگر ملکوں کے سفارت خانوں کا دورہ کرینگے ان سے مطالبہ کرینگے کہ افغانستان کو انسانی ہمدردی کے بنیاد پر تسلیم کرکے ان کے مسائل کو حل کریں، اس وقت افغانستان میں سردی ہے لوگ متاثر ہورہے ہیں طالبان کے ساتھ دشمنی کے بنیاد پر افغان عوام کے ساتھ ظلم وزیادتی نہ کریں، ان کو تسلیم کرکے ان کے مسائل کو حل کیا جائے،انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (س) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں بھرپورشرکت کریگی۔ اگر مقامی طورپر کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد ممکن ہو تو وہ بھی کریں گے۔ مولانا سید محمد یوسف نے سوات پریس کلب کے نومنتخب کابینہ کو مبارک باد دی اور صحافیوں کے اتحاد کے لئے خصوصی دعاکی،صوبائی امیر کو سوات پریس کے چیئرمین سعیدالرحمان نے خوش امدید کہا۔ اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نیازاحمدخان، سینئر صحافی فیاض ظفر، جمعیت علمائے اسلام س کے ضلعی امیر مفتی رشید احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔