سوات(واحد زمان سے)خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں خپل کور فاونڈیشن نے’خپل کور ویلج‘کی نام سییتیم بچوں کیلئے پہلا آرفن ویلج کھول دیا،جہاں پر ماں باپ کی شفقت اور محبت سے محروم بچوں کے لئے گھر جیسا خوبصورت ماحول,بہترین رہائش، اچھا کھانا، اعلیٰ تعلیم و تربیت اور صحت کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور تفریح فراہم کی جائے گی جبکہ معاشرے کے چیلنجز اور حالات سے نبرد آزما ہونے کے لیے بچوں کی کاونسلنگ بھی کی جائے گی،جلد ہی سوات سمیت پورے مالاکنڈ ڈویژن میں ”خپل کور ”کی مزید شاخیں بھی کھولی جائیں گی جہاں سینکڑوں بچوں کے لئے شاندار انتظامات کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں فلاحی کاموں سے شہرت پانے والی تنظیم خپل کور فاونڈیشن‘ نے گلکدہ،شیراڑئی مینگور ہ میں ’خپل کور ویلج‘ کے نام سے پہلے آرفن ویلج کا آغاز کردیا ہے،خپل کور ویلج میں ابتدائی طور پر100بچوں کی شاندار رہائش اور تعلیم و تربیت کا انتظام کیا گیا ہے،خپل کور ویلج میں بچوں کی حفاظت کا بہترین انتظام کیا گیا ہے جبکہ بچوں کے رہائشی فلیٹ اور عمارت میں جگہ جگہ سیکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔خپل کور ویلج میں 4 سال سے 8 سال تک کے ننے پھول جیسے بچوں کی تعلیم و تربیت،رہائش اوردیکھ بال کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ تجربہ کاراور تعلیم یافتہ فی میل سٹاف رکھا گیا ہے جبکہ بچوں کے لئے ویلج کے اندر پرائمری سکول، جدید طرز پر تعمیر کئے جانے والے دس فلیٹ،ہر فلیٹ میں کھانے پینے کے لئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق وسیع کچن،ڈایننگ ہال، ڈریسنگ روم،وسیع واش روم، پلیگراونڈ بنایا گیا ہے جہاں بچوں کو تین ٹائم بہترین کھانا میسر ہوگا۔خپل کور ویلج کی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن اور قرب و جوار میں والد ین کی شفقت سے محروم بچوں کو خپل کور ویلج میں داخل کرانے کے لئے 0946729211یا0946920011پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خپل کور فاونڈیشن کے ڈائریکٹر اورمعروف سماجی شخصیت حاجی محمد علی نے کہا کہ یتیم بچوں کے حقوق پر اسلام نے بہت زور دیا ہے، اس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن حکیم میں 23 مختلف مواقع پر یتیم کا ذکر کیا گیا ہے جن میں یتیموں کے ساتھ حسن سلوک، اُن کے اموال کی حفاظت اور اُن کی نگہداشت کرنے کی تلقین کی گئی ہے اور ان پر ظلم و زیادتی کرنے والے، ان کے حقوق و مال غصب کرنے والے کے لیے وعید بیان کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس کسی کے زیر سایہ کوئی یتیم ہو تو اسے چاہئے کہ وہ اس یتیم کی اچھی پرورش کرے،اسلام کی آمد سے پہلے دیگر برائیوں کی طرح یتیموں کے حقوق دبانا اور ان پرظلم و ستم کرنا بھی عام تھا، دین اسلام نے نہ صرف یتیموں کیساتھ ہونے والے برے سلوک کی مذمت کی بلکہ ان سے نرمی و شفقت کا برتاو کرنے اور ان کی ضَروریات کا خیال رکھنے کا حکم دیا ہے،خپل کور فاونڈیشن نے انہیں اسلامی اصولوں اور تعلیمات کو مد نظر رکھتے ہوئے ’خپل کور ویلج‘ کی بنیاد رکھی ہے جس میں دس فلیٹس ہے ہر فلیٹ میں دس بچے اور بچیاں زندگی کی شب وروز گزار رہے ہیں،انشائاللہ بہت جلد ہزاروں بچوں کے لئے ’خپل کور‘ کی مزید شاخیں کھولی جائیں گی اور ان بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے ہم اپنے تمام وسائل استعمال کریں گے۔
یتیم بچوں کی کفالت،سوات میں جدیدطرز پر خپل کور آرفن ویلج کھل گیا
